وزیراعلیٰ پنجاب تمام صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں، جلال پور پیر والا شہر اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے: مریم اورنگزیب

12

لاہور، 19 ستمبر(اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر جلال پور پیر والا شہر کو سیلاب سے محفوظ بنانے کے لیے ٹیکنیکل کمیٹی کا مسلسل دوسرے روز اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کی، جس میں وفاقی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزرا خواجہ سلمان رفیق، صہیب بھرت، کاظم پیرزادہ سمیت مختلف محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کمیٹی کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ سیلابی پانی کے بہاؤ اور شدت میں کمی آرہی ہے اور جلال پور پیر والا شہر فی الحال محفوظ ہے۔ کمیٹی کو مزید آگاہ کیا گیا کہ جمع شدہ سیلابی پانی کی سطح بھی کم ہورہی ہے۔ بہتر صورتحال کے پیش نظر کمیٹی نے موٹر وے میں شگاف نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کمیٹی کے ہمراہ جلال پور پیر والا شہر اور موٹر وے سائیٹ کا معائنہ کیا اور دمر والا، کھروڑہ فاضل اور مڈوالہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا بھی دورہ کیا۔ اجلاس میں چیئرمین این ایچ اے، پنجاب کے ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، محکمہ زراعت کے حکام، کمشنر اور ڈپٹی کمشنر ملتان بھی شریک تھے۔  کمیٹی نے متاثرین کو ٹینٹ، صاف پانی، خوراک اور مویشیوں کے لیے ونڈہ کی فراہمی کا جائزہ لیا جبکہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ اس موقع پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف تمام صورتحال کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہر اور شہریوں کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے۔ سینئر صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ “اللہ تعالیٰ کا شکر ہے کہ اب تک صورتحال بہتر ہے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس مشکل سے جلد نجات عطا فرمائے۔”