ضلع قصورمیں 15ستمبرسے 27ستمبرتک سروائیکل کینسر سے بچانے کیلئے حفاظتی قومی ویکسی نیشن مہم کا آغاز

43

قصور،18ستمبر(اے پی پی): پنجاب حکومت کا احسن اقدام، ضلع قصورمیں 15ستمبرسے 27ستمبر2025ء تک جاری رہنے والی قومی ویکسی نیشن مہم جس میں 9سال سے 14سال تک کی بچیوں کو مستقبل میں سروائیکل کینسر جیسی مہلک بیماری سے بچانے کیلئے حفاظتی قومی ویکسی نیشن مہم (HPV Vaccine)کا آغازکردیاگیاہے۔ اسی حوالے سے سابق ای ڈی او ہیلتھ قصور وصدر پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصورڈاکٹرمحمدخالدنے ”اے پی پی نیوز“سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ  پنجاب حکومت کی  “سروائیکل کینسر” کے خلاف یہ مہم بہت بڑاجہادہے، 9 سے 14 سال تک کی بچیوں کو HPV ویکسین لگائی جائے گی، والدین کا اس مہم میں بہت اہم کردار ہے، عوام محکمہ صحت کی ٹیموں کے ساتھ تعاون کریں اور اپنی بچیوں کو ویکسین لازمی لگوائیں کیونکہ آج کی بیٹیاں آنے والے مستقبل کی معمار ہے اور انہی سے ایک صحت مند معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔ میں پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن قصورکے صدر ہونے کی حیثیت سے بڑی ذمہ داری سے کہہ رہاہوں کہ اس مہم کے پاکستان کے عوام پر بہت اچھے دوررس نتائج برآمد ہوں گے اورپنجاب حکومت کی اس مہم کو کامیاب بنانے کیلئے سروائیکل کینسر سے اپنی بچیوں کو مستقبل میں محفوظ بنانے کیلئے پنجاب حکومت کا ساتھ دیں اوراپنی بچیوں کو ویکسین لازمی لگوائیں۔