پاک سوزوکی کا سیلاب متاثرین کے لیے 3 کروڑ روپے کا امدادی چیک وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو پیش

12

لاہور، 24 ستمبر (اے پی پی): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے پاک سوزوکی موٹرز کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا کی قیادت میں اعلیٰ سطحی وفد نے ملاقات کی۔ وفد میں جنرل منیجر اخلاق احمد ورک، سید وجاہت اور محمد ذیشان بھی شامل تھے۔ ہیرو شی کاوا مورا نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب کو 30 ملین روپے کا امدادی چیک پیش کیا۔ وفد نے سیلاب متاثرین کے لیے پنجاب حکومت کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف اور ان کی ٹیم کی شب و روز محنت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔ اس موقع پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ صوبے نے تاریخ کے سب سے بڑے اور بدترین سیلاب کا پامردی سے سامنا کیا۔ انہوں نے بتایا کہ بروقت انخلا، ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے باعث لاکھوں جانیں بچائی گئیں جبکہ 22 لاکھ مویشیوں کو بھی محفوظ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ تھرمل کیمروں اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے متاثرین تک بروقت رسائی اور انخلا ممکن ہوا۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ آئندہ سیلاب سے قبل ہی حفاظتی انتظامات یقینی بنائے جائیں گے۔ پاک سوزوکی کے مینجنگ ڈائریکٹر ہیرو شی کاوا مورا نے کہا کہ پنجاب کی قیادت نے سیلاب متاثرین کے لیے مثالی خدمات سر انجام دیں اور پاک سوزوکی اس انسانی خدمت میں اپنا حصہ ڈالنے پر فخر محسوس کرتی ہے۔