لاہور، 11 ستمبر (اے پی پی): اسپورٹس بورڈ پنجاب کے تحت صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر کی زیر صدارت ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبے بھر کی جاری اور نئی اسکیموں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت 96 ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں جبکہ 88 نئی اسکیموں پر کام جاری ہے۔ اس موقع پر پنجاب اسٹیڈیم کی اپ گریڈیشن اور زمین کی دستیابی کے مسائل بھی زیرِ غور آئے۔ صوبائی وزیر کھیل فیصل ایوب کھوکھر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسٹیڈیم کو عالمی معیار کے مطابق اپ گریڈ کیا جا رہا ہے اور اس کے ساتھ ایک خوبصورت فوڈ اسٹریٹ بھی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترقیاتی منصوبوں کی رفتار کو تیز کیا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ صوبائی وزیر نے اعلان کیا کہ ترقیاتی اسکیموں کے حوالے سے اجلاس ہر ہفتے منعقد کیا جائے گا تاکہ پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لیا جا سکے۔ انہوں نے بتایا کہ انٹرنیشنل اسکواش کمپلیکس کی تعمیر مکمل ہونے کے قریب ہے، جبکہ نشتر پارک اسپورٹس کمپلیکس میں جدید ہوٹل اور ہوسٹل بھی تعمیر کیے جائیں گے۔ اجلاس میں وائس چیئرمین اسپورٹس بورڈ پنجاب سلیمان ملک، اسپورٹس کوآرڈینیٹر ملک انوش کھوکھر، سیکرٹری اسپورٹس مظفر خان سیال اور ڈی جی اسپورٹس خضر افضل چوہدری بھی شریک تھے۔











