لاہور, 18 ستمبر(اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین سے پاکستان فرنیچر ایسوسی ایشن کے وفد نے پیسک ہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سرپرستِ اعلیٰ ایسوسی ایشن میاں محمد افضال کر رہے تھے۔ ملاقات میں فرنیچر انڈسٹری کو درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔ میاں محمد افضال نے کہا کہ غیر منظم پنڈالوں اور شادی ہالوں میں فرنیچر نمائشوں کے باعث مقامی انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان نمائشوں پر پابندی لگا کر مقامی مینوفیکچررز کا استحصال روکا جائے تاکہ معیاری فرنیچر کی برآمدات بڑھا کر زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے۔ وفد نے لاہور میں عالمی معیار کے فرنیچر کالج کے قیام کا بھی مطالبہ کیا۔ صوبائی وزیر چوہدری شافع حسین نے وفد کو یقین دہانی کرائی کہ فرنیچر انڈسٹری کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ شادی ہالوں اور پنڈالوں میں غیر قانونی نمائشوں کو روکنے کے لیے مالکان کو لیٹرز بھیجے جائیں گے اور کسی کو بھی مقامی مینوفیکچررز کا استحصال نہیں کرنے دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا فرنیچر دنیا بھر میں پسند کیا جاتا ہے اور اس کی برآمدات بڑھانے کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ فرنیچر مینوفیکچررز کو چاہیے کہ عالمی معیار کے نئے ڈیزائن بھی متعارف کرائیں۔ وزیر صنعت نے بتایا کہ پنجاب کو درپیش تاریخ کے بدترین سیلاب سے فرنیچر انڈسٹری بھی متاثر ہوئی ہے تاہم حکومت سیلاب متاثرین کے نقصانات کے ازالے کے لیے ریلیف پیکج فراہم کرے گی۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری انڈسٹریز نوشین ملک، جنرل سیکرٹری ایسوسی ایشن عرفان کمبوہ، صدر پنجاب جعفر حسین، صدر لاہور چیپٹر محمد ریاض مغل اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔











