مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور دیہی مراکز صحت کی ری ویمپنگ سے عوام کا اعتماد بحال ہوا ہے، خواجہ عمران نذیر

11

لاہور، 18 اگست (اے پی پی): صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر کی زیر صدارت مریم نواز ہیلتھ کلینکس اور دیہی مراکز صحت کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سپیشل سیکرٹری صحت عون عباس، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر زوہیب اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران وزیر صحت کو بنیادی مراکز صحت کی سہولیات اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی خدمات پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ مریم نواز ہیلتھ کلینکس کی کامیاب ری ویمپنگ اور اپ گریڈیشن سے عوام کا ہیلتھ سسٹم پر اعتماد بحال ہوا ہے۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ آر ایچ سی ری ویمپنگ ماڈل کی کامیابی کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور طریقے سے ادا کریں اور طبی آلات کی مانیٹرنگ اور آڈٹ میں کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کیا جائے۔ خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف عوام کو معیاری طبی سہولیات فراہم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہیں۔ صحت کے شعبے میں شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلے کیے جا رہے ہیں۔ وزیر صحت نے مریضوں کی سہولت اور ڈاکٹروں کی حاضری یقینی بنانے کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتالوں میں مؤثر نگرانی کا نظام قائم کیا جائے، جبکہ کلینیکل کوالٹی کنٹرول اور کلینکس آڈٹ رپورٹس باقاعدگی کے ساتھ مرتب کی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایم سی پی ایس ماڈل کی تیاری کے لیے افسران فوری اقدامات کریں، ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ کیو ہسپتالوں میں سپیشلائزیشن ٹریننگ فراہم کی جائے اور کنسلٹنٹس ایم سی پی ایس ٹریننگ کا انتظام کریں۔ خواجہ عمران نذیر نے بتایا کہ تمام اضلاع میں اسٹیٹ آف دی آرٹ لیبارٹریز کے قیام پر بھی غور کیا جا رہا ہے تاکہ مریضوں کو جدید ترین تشخیصی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔