لاہور، 20 ستمبر (اے پی پی): وزیر بلدیات پنجاب ذیشان رفیق کی زیر صدارت پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، سیکرٹری بورڈ رضوان نصیر اور سیوریج لائننگ پائپ کے مینوفیکچررز نے شرکت کی۔
اجلاس میں مینوفیکچررز نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سیوریج کے لیے لائننگ پائپ ٹیکنالوجی پہلی بار پاکستان میں متعارف کرائی جا رہی ہے جس کی عمر سو سال تک ہوتی ہے۔ متعلقہ مشینری کی درآمد کا عمل بھی شروع ہو چکا ہے۔
وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کے تحت نئے معیارات متعارف کرائے جائیں گے اور مقامی صنعت کو فروغ ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں لائننگ پائپ کی بلاتعطل سپلائی یقینی بنائی جائے گی اور ہر ڈویژن میں کم از کم ایک پلانٹ نصب کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے حکم پر 200 شہروں میں میونسپل سکیمیں شروع کی جا رہی ہیں، پہلے مرحلے میں 52 شہروں میں سیوریج سسٹم اور واٹر ٹینک بنائے جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی ہر شہر میں ڈرین کا ماحول دوست بائی پاس سسٹم متعارف کرایا جائے گا، کچی گلیوں کو پختہ کیا جائے گا اور اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں گی۔
ذیشان رفیق نے مینوفیکچررز سے آن گراؤنڈ پلان طلب کیا اور واضح کیا کہ آر سی سی پائپ کی تیاری نیسپاک کے نمائندوں کی زیر نگرانی ہوگی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شفافیت اور میٹریل کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہ کیا جائے اور کسی جگہ چھوٹے قطر کے پائپ استعمال نہ کیے جائیں۔
وزیر بلدیات نے کہا کہ اسکیمیں شہروں کی 2050 تک کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر تیار کی گئی ہیں اور ستھرا پنجاب کی طرح پی ڈی پی بھی جدید اور پائیدار ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔











