کمشنر ملتان کا رات گئے ہیڈ محمد والا بریچنگ سیکشن کا دورہ

2

ملتان ،03 ستمبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے رات گئے ہیڈ محمد والا بریچنگ سیکشن کا دورہ کیا اور وہاں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو اور محکمہ ایریگیشن کے حکام نے کمشنر کو سیلاب کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔

کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ پانی کے بہاؤ کی رفتار اور شدت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے، آبادی کو خطرہ لاحق ہوا تو ہیڈ والا روڈ میں شگاف ڈالا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہیڈ والا اور شیر شاہ بندوں کو بریچ کرنے کا فیصلہ ٹیکنیکل کمیٹی کرے گی۔

انہوں نے بتایا کہ ڈویژن بھر سے شہریوں کے انخلاء کے لیے ہنگامی آپریشن کیا گیا، جس میں پولیس اور دیگر اداروں نے بھرپور خدمات سرانجام دیں شہریوں کو گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا تاکہ ان کی جان و مال کی حفاظت یقینی بنائی جا سکے۔

عامر کریم خاں نے کہا کہ اب تک ملتان ڈویژن سے 5 لاکھ سے زائد شہریوں اور اتنی ہی تعداد میں مویشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے، جبکہ ڈویژن میں قائم 90 فلڈ ریلیف کیمپس مکمل فعال ہیں اور وہاں تمام بنیادی سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔