لاہور/ننکانہ صاحب (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان ننکانہ صاحب کے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پہنچے جہاں بڑی تعداد میں متاثرین ان سے ملاقات کے لیے جمع ہوگئے۔ گورنر پنجاب نے متاثرین میں راشن اور کھانے پینے کی اشیاء تقسیم کیں۔ اس موقع پر گورنر پنجاب نے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری کو پنجاب میں سیلابی صورتحال سے آگاہ کیا جارہا ہے جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو بھی جلد متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ سیلاب متاثرین کے چھ ماہ کے بجلی کے بل معاف کرانے اور زرعی زمینوں پر لگنے والے ٹیکس ختم کرانے کے لیے بھرپور کوشش کی جائے گی۔ گورنر سلیم حیدر خان نے کہا کہ پنجاب اس وقت بڑے پیمانے پر سیلابی صورتحال سے دوچار ہے، جہلم، چکوال، حافظ آباد، راوی اور دیگر اضلاع میں نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ “یہ وقت سیاست کا نہیں بلکہ عوام کی خدمت کا ہے، جو لوگ سیاسی بیان بازی کریں گے وہ متاثرین کے دشمن ہیں”، گورنر پنجاب نے کہا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب تک متاثرہ خاندان اپنے گھروں کو واپس نہیں لوٹتے وہ سکون سے نہیں بیٹھیں گے۔ پیپلز پارٹی ہر صورت سیلاب زدگان کی مدد کرے گی، ریڈ کریسنٹ کے تحت پورے پنجاب میں میڈیکل کیمپس، خیمے، راشن اور تین وقت کا کھانا فراہم کیا جارہا ہے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ہزاروں ایکڑ زمین زیرِ آب ہے، لوگوں کے گھر اور مال مویشی تباہ ہو چکے ہیں تاہم صوبے کے تمام ادارے اور مشینری متاثرین کی مدد میں مصروف ہیں جبکہ پاک فوج کے دستے بھی ریسکیو سرگرمیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے تمام سیاسی جماعتوں اور مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ بڑھ چڑھ کر سیلاب زدگان کی مدد کریں تاکہ مشکل کی اس گھڑی کو قومی یکجہتی کے ساتھ عبور کیا جا سکے۔











