آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر کی اسلام آباد آمد

12

‎اسلام آباد،  12 اکتوبر ( اے پی پی): تیسرے سہ فریقی اسپیکرز اجلاس میں شرکت کے لیے آذربائیجان کی ملی مجلس کی اسپیکر  غفارووا کی اسلام آباد  آمد ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر معزز مہمان کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور خوش آمدید کہا۔ معزز مہمان کو پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا گیا۔

‎بعدازاں  اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اسپیکر ملی مجلس آذربائیجان غفارووا کے درمیان ملاقات ہوئی۔اسپیکر قومی اسمبلی نے  غفارووا کی سہ فریقی اسپیکرز اجلاس میں شرکت کو باعثِ مسرت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کی عوام اخوت، دوستی اور محبت کے اٹوٹ رشتے میں منسلک ہیں۔

‎انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام آذربائیجان کی عوام کو اپنا بھائی اور دوست سمجھتے ہیں،  دونوں برادر ممالک ہر آزمائش اور چیلنج میں ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔سردار ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان نے ہمیشہ بین الاقوامی و علاقائی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی بھرپور حمایت کی ہےجو باہمی اعتماد اور دیرینہ تعلقات کا مظہر ہے۔اسپیکر ملی مجلس آذربائیجان  غفارووا نے پرتپاک استقبال پر پاکستان کی پارلیمان اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے عوام کے درمیان بھائی چارے اور باہمی احترام کے رشتے قائم ہیں۔ غفارووا نے کہا کہ آذربائیجان پاکستان کو اپنا مخلص دوست اور بھائی تصور کرتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان باہمی اعتماد، تعاون اور احترام کی بنیاد پر مضبوط تعلقات استوار ہیں۔انہوں نے پاکستان کے دورے کو اپنے لیے باعثِ مسرت اور اعزاز قرار دیا۔