لاہور،12 اکتوبر ( اے پی پی): وزیراعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملاقات کی ہے، ملاقات میں ملک کی مجموعی داخلی سلامتی، امن و امان کی صورتحال، انسداد دہشت گردی کے اقدامات اور سیکیورٹی کے دیگر اہم امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو ملک میں امن و امان کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا اور وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے کیے جانے والے سیکیورٹی اقدامات پر بریفنگ دی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے وزارت داخلہ کی کاوشوں کو سراہا اور وزیر داخلہ اور ان کی ٹیم کی محنت کی تعریف کی۔ وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے مربوط، مؤثر اور مسلسل اقدامات کیے جائیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ عوام کا تحفظ، قانون کی بالادستی سمیت دہشت گردی کا مکمل خاتمہ حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔











