ملتان،27 اکتوبر(اے پی پی ): کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں نے معروف ادبی شخصیت قمر رضا شہزاد کی علمی و ادبی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادیب، شاعر اور فنکار ہمارے خطے کا حقیقی فخر ہیں، جن کی خدمات تاریخ میں روشن باب کی حیثیت رکھتی ہیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ممتاز شاعر قمر رضا شہزاد کے گھر کے باہر اعزازی تختی نصب کرنے کی تقریب کے موقع پر کیا۔ کمشنر نے کہا کہ قمر رضا شہزاد نے اردو ادب کے فروغ میں گراں قدر خدمات انجام دیں، ان کے شعری مجموعوں کو اکادمی ادبیات پاکستان کی جانب سے شاعری کے سب سے بڑے ایوارڈ سے بھی نوازا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ جدید اردو غزل میں قمر رضا شہزاد کا منفرد مقام ہے اور ان جیسے فنکاروں کے کام کو محفوظ بنانا ہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔کمشنر نے بتایا کہ شہر بھر میں فنکاروں، شاعروں اور ادیبوں کے گھروں کے باہر اعزازی تختیاں نصب کرنے کا سلسلہ جاری ہے تاکہ نئی نسل اپنے فنکاروں کی خدمات سے آگاہ ہو سکے۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو، ڈائریکٹر تعلقات عامہ سجاد جہانیہ، اسسٹنٹ کمشنر جنرل جاوید خان، اے سی آر سعد بن خالد، معروف شعرا و ادبا خالد مسعود، شاکر حسین شاکر سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔











