اسلام آباد، 28 اکتوبر(اے پی پی): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی ہارون اختر خان کی جانب سے پاکستان کی ماربل انڈسٹری کو ترقی دینے کے لیے جامع منصوبہ تیار کرنے کی ہدایت
وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے آج اسلام آباد میں پاکستان اسٹون ڈویلپمنٹ کمپنی (پاسڈیک) کے ساتھ ایک اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاکستان میں تیار ہونے والے ماربل کے معیار اور برآمدی صلاحیت کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ بین الاقوامی معیار، خصوصاً اٹلی کے تجربات کا بھی حوالہ دیا گیا۔
ہارون اختر خان نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی ماربل انڈسٹری میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جو برآمدات کے فروغ کے ذریعے ملکی معیشت کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ پاکستانی ماربل کے معیار کو بین الاقوامی سطح تک بلند کیا جائے تاکہ برآمدات میں اضافہ ہو اور ملک کے لیے قیمتی زرمبادلہ حاصل کیا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ماربل انڈسٹری کی ترقی سے ملک بھر میں ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے، جو صنعتی ترقی اور عوامی فلاح دونوں کے لیے فائدہ مند ہوں گے، ہارون اختر خان نے جدید ٹیکنالوجی اور اختراعی طریقہ کار اپنانے پر زور دیا تاکہ ماربل کی کوالٹی اور پیداواری استعداد میں بہتری لائی جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر ہارون اختر خان نے پاسڈیک کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر ماربل انڈسٹری کے معیار، پیداوار اور بین الاقوامی مسابقت کو بہتر بنانے کے لیے ایک جامع منصوبہ تیار کیا جائے۔











