ازبکستان، پاکستان تعلقات پر سیمینار، تاشقند اردو کے کردار کو سراہا گیا

16

اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): پریس کونسل آف پاکستان کے زیر اہتمام پاکستان-ازبکستان: تاریخ، ثقافت اور تجارت میں میڈیا کا کردار کے عنوان سے سیمینار منعقد ہوا جس کی صدارت چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان ارشد خان جدون نے کی جب کہ وزیرِ مملکت و وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان مہمانِ خصوصی تھے۔

 ازبکستان کے سفیر کی نمائندگی ڈپٹی ہیڈ آف مشن روشن علیموف نے کی۔

وزیرِ مملکت حذیفہ رحمان نے اپنے خطاب میں کہا کہ زبان اکثر رکاوٹ بن جاتی ہے لیکن جب یہ رکاوٹ عبور کر لی جائے تو دلوں کے درمیان قربت پیدا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ “تاشقند اُردو” پاکستان اور ازبکستان کے درمیان ثقافتی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینے میں ایک انقلابی قدم ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ثقافتی وفود کے تبادلے پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (PNCA) کے ذریعے مربوط کیے جا رہے ہیں اور وزارتِ ثقافت اس عمل میں بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔

ڈپٹی ہیڈ آف مشن روشن علیموف نے کہا کہ پاکستان اور ازبکستان روحانی ورثے، علمی تبادلے اور تجارت کے نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دونوں حکومتیں علاقائی روابط کو فروغ دینے اور مشترکہ مواقع کی تلاش میں ایک ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔

چیئرمین پریس کونسل آف پاکستان ارشد خان جدون نے کہا کہ پریس کونسل ملک میں متوازن اور اخلاقی صحافت کے فروغ کے ساتھ ساتھ برادر ممالک، خصوصاً ازبکستان کے ساتھ تعلقات مضبوط بنانے میں اپنا کردار ادا کر رہی ہے۔

یہ تقریب “تاشقند اُردو” کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد کی گئی، یہ پلیٹ فارم ازبکستانی ثقافت اور دیگر موضوعات کو اُردو زبان میں فروغ دینے کے لیے سرگرم ہے۔