پی این سی اے میں پاکستان، ترکیہ کے ہیروز کی تصویری نمائش کا انعقاد

18

اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی ) : پاکستان نیشنل کونسل آف دی آرٹس (پی این سی اے) میں پاک ترکیہ فرینڈشپ ویک کی تقریبات کا تصویری نمائش سے آغاز ہو گیا۔

 وزیر مملکت برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے افتتاحی تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاک ترکیہ دوستی ویک منایا جا رہا ہے۔ پاکستان اور ترکیہ کی لازوال دوستی ہے، برصغیر کے مسلمانوں اور ترکیہ کی خلافت عثمانیہ کا دور کئی سو سالوں پر محیط ہے۔

انھوں نے کہا کہ آج کی تصویری نمائش 110 سالہ تاریخ کی عکاسی کر رہی ہے۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی لیڈر شپ میں پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات کو نئی بلندیوں پر لے کر جایا جا رہا ہے۔

پاکستان میں ترکیہ کے سفیر پروفیسر ڈاکٹر مہمت پچاچی نے کہا کہ اس سال ہم نے وزیر اعظم پاکستان محمد شہباز شریف کے تعاون سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا جس کا مقصد ترکیہ اور پاکستان کے طویل تاریخی، دوستانہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنا تھا۔ اس تصویری نمائش میں ترکیہ اور پاکستان کے مشترکہ ہیروز کی زندگی کی عکاسی کی گئی ہے۔

تقریب کے دوران پاکستان اور ترکیہ کے درمیان روابط کو فروغ دینے کے لیے مفاہمت کی یاداشت پر دستخط کیے گئے۔