جمہوریہ ترکی کے سوویں یومِ آزادی کی یاد میں نشتر میڈیکل یونیورسٹی میں پرچم کشائی کی تقریب

23

ملتان،29 اکتوبر (اے پی پی ):   جمہوریہ ترکی کے سوویں یومِ آزادی کی یاد میں نِشتر میڈیکل یونیورسٹی، ملتان میں ایک پُروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد کی گئی۔ اس تقریب میں ترکی کے عظیم قومی دن کے موقع پر برادر ملک کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔ تقریب میں وائس چانسلر نشتر میڈیکل پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی، میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر راؤ امجد علی خان ، رجسٹرار نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر احمر حسین، پرنسپل کالج آف نرسنگ قمرالنسا، اساتذہ، طلبہ و طالبات اور دیگر انتظامی افسران نے شرکت کی۔ تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد ترکی کے قومی ترانے کی دُھن بجائی گئی۔ وائس چانسلر نشتر میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر مہناز خاکوانی نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان اور ترکی کے تعلقات دوستی، ایمان اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ ترکی کی ترقی اور عوام کی قربانیاں پوری مسلم دنیا کے لیے ایک روشن مثال ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نشتر میڈیکل یونیورسٹی برادر ملک ترکی کے عوام کو آزادی کی سوویں سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کرتی ہے۔ تقریب کے اختتام پر شرکاء نے ترکی کی ترقی، خوشحالی اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار دوستی کے لیے دعا کی۔