لودھراں،07اکتوبر (اے پی پی): لودھراں ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو1122کی طرف سے تحصیل لودھراں کے سیلاب متاثرین میں راشن و امدادی سامان کی تقسیم کی تقریب ضلع کونسل ہال کے سبزہ زار میں منعقد ہوئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی اور ایمرجنسی آفیسر انجینئر شکیل احمد نے خصوصی طور پر شرکت کی۔تقریب میں لودھراں تحصیل کے سیلاب متاثرین میں خیمے،آٹا اور چٹائیاں تقسیم کی گئیں۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل لیاقت علی گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ سمیت تمام سرکاری اداروں کی سیلاب جیسی قدرتی آفت سے نمٹنے کیلئے کاوشیں مثالی رہی ہیں،انتظامی افسران کے ساتھ بالخصوص ریسکیو1122 کے ورکرز کی خدمات قابل تحسین رہی ہیں،امدادی کارروائیوں کے اب سیلاب متاثرین کی امداد اور بحالی ہماری ترجیح ہے، متاثرین خود کو اکیلا نہ سمجھیں،ضلعی انتظامیہ ہمہ وقت ان کے ساتھ ہے،ہم سیلاب متاثرین کو ریلیف دینے کیلئے مسلسل فیلڈ میں ہیں۔ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو1122شکیل احمد نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا ادارہ سیلاب متاثرین کے محفوظ انخلاء سے لیکر آج تک متاثرین کی خدمت میں مصروف عمل ہے،خدمت میں عظمت ہے اور ہم اپنےبھائیوں کیلئے حاضر ہیں۔اس موقع پر سیلاب متاثرین نے ضلعی اور ریسکیو انتظامیہ کا شکریہ بھی ادا کیا۔











