سعودی-پاک بزنس کونسل کا اجلاس ، اقتصادی تعاون کو وسعت دینے پر اتفاق

33

اسلام آباد، 8 اکتوبر (اے پی پی):سعودی عرب اور پاکستان کے مابین اقتصادی تعاون کے فروغ کے سلسلے میں سعودی-پاک مشترکہ بزنس کونسل کا ایک اہم اجلاس بدھ کو منعقد ہوا، جس میں سعودی عرب کے شہزادہ منصور بن محمد السعود کی قیادت میں اعلیٰ سطحی تجارتی وفد نے شرکت کی۔اجلاس کا انعقاد اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) اور وزارتِ تجارت کے اشتراک سے ہوا، جس کا مقصد دونوں برادر ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اور نجی شعبے کے اشتراک کو فروغ دینا تھا۔سعودی وفد میں معدنیات، توانائی، زراعت و لائیو اسٹاک، تعمیرات، بنیادی ڈھانچے، سیاحت اور رئیل اسٹیٹ سمیت مختلف شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے معروف سرمایہ کار اور کاروباری شخصیات شامل تھیں۔ پاکستان کے نجی شعبے سے وابستہ ممتاز اداروں اور صنعت کاروں نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان کے وزراء، اعلیٰ سرکاری حکام اور صنعت کاروں نے سعودی وفد کو ملک کے بدلتے ہوئے سرمایہ کاری ماحول، ایس آئی ایف سی کے تحت ترجیحی شعبوں میں موجود مواقع، اور سرمایہ کار دوست اصلاحات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے شہزادہ منصور بن محمد السعود نے حکومتِ پاکستان کی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کی جانے والی اصلاحات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب وژن 2030 کے تحت پاکستان کے ساتھ طویل المدتی اقتصادی شراکت داری کو مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک اہم علاقائی شراکت دار قرار دیتے ہوئے کہا کہ زراعت، معدنیات، توانائی، ٹیکنالوجی، سیاحت اور رئیل اسٹیٹ جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں۔

اسپیشل انویسٹمنٹ فسیلیٹیشن کونسل (SIFC) کی جانب سے سعودی وفد کے لیے ایک خصوصی بریفنگ سیشن کا اہتمام بھی کیا گیا، جس میں سرمایہ کاری کے فریم ورک، ضابطہ جاتی اصلاحات، اور توانائی، معدنیات، زراعت، سیاحت، رئیل اسٹیٹ اور آئی ٹی کے شعبوں میں دستیاب مواقع پر روشنی ڈالی گئی۔

اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ مشترکہ بزنس کونسل دونوں ممالک کے مابین نجی شعبے کی سطح پر تعاون، مشترکہ منصوبوں کی تشکیل، اور پائیدار اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ایک موثر ادارتی پلیٹ فارم فراہم کرتی ہے۔

دورے کے دوران سعودی وفد کراچی اور لاہور کا بھی دورہ کرے گا، جہاں ایس آئی ایف سی اور متعلقہ صوبائی حکومتیں وفد کو نمایاں کاروباری اداروں سے ملاقاتوں میں معاونت فراہم کریں گی۔ ان ملاقاتوں کا مقصد مشترکہ سرمایہ کاری منصوبوں اور پبلک-پرائیویٹ پارٹنرشپ کے ذریعے قومی و علاقائی سطح پر معاشی تعاون کو فروغ دینا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر دونوں ممالک نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ سعودی عرب اور پاکستان اپنے تاریخی برادرانہ تعلقات کو ایک مستقبل بین اور پائیدار اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھیں گے۔