اسلام آباد، 8 اکتوبر (اے پی پی):سعودی‑پاک جوائنٹ بزنس کونسل کا اجلاس بدھ کو یہاں منعقد ہوا جس میں دونوں ممالک کی اعلیٰ حکومتی قیادت اور کاروباری برادری کے نمایاں اراکین نے شرکت کی۔ اجلاس کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات کو فروغ دینا اور نئے مواقع تلاش کرنا تھا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق ملک اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات صرف معیشت تک محدود نہیں بلکہ تاریخی گہرے باہمی روابط پر مبنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بزنس فورم دراصل ایک وسیع تر وژن کا حصہ ہے جو صرف تجارتی مفادات نہیں بلکہ دوطرفہ اشتراک، اعتماد اور دیرپا شراکت داری کی نئی راہیں ہموار کرنے کے لیے ہے۔ وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک نے اجلاس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دوطرفہ اقتصادی تعاون کو مزید مضبوط بنانے پر زور دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کے ساتھ تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے اور سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی بھرپور دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے مشترکہ اقتصادی مفادات کے لیے تعاون کو وسعت دینا ضروری ہے۔











