ملتان 11, اکتوبر (اے پی پی ):کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کی زیر صدارت میونسپل کارپوریشن ملتان کی ترقیاتی سکیموں کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
گردیزی مارکیٹ میں واش رومز کی تعمیر سے متعلق عوامی شکایات پر کمشنر عامر کریم خاں نے نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن کو موقع پر جا کر رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے حسین آگاہی میں زیر تعمیر واش رومز کو جلد از جلد مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کاموں میں معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ برداشت نہیں کیا جائے گا۔کمشنر عامر کریم خاں نے بتایا کہ آٹھ نمبر پر شہریوں کی سہولت کے لیے انتظار گاہ اور سٹنگ ایریا تیار کیا جا رہا ہے، جبکہ ای بس منصوبے کے تحت میونسپل کارپوریشن کی حدود میں 49 بس شیڈز تعمیر کیے جائیں گے۔انہوں نے پیر خورشید کالونی کی سڑک کی بحالی کے لیے واسا اور میونسپل کارپوریشن کو مشترکہ سکیم بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ تمام ادارے باہمی رابطہ بہتر بناتے ہوئے ترقیاتی سکیموں کو بروقت مکمل کریں۔
اجلاس کے دوران نشتر روڈ پر رش کم کرنے کے لیے پارکنگ پلان پر بریفنگ دی گئی، جس پر کمشنر نے کہا کہ اسپتال جانے والے مریضوں کو رش کے باعث تاخیر برداشت نہیں کی جا سکتی۔اجلاس میں سی او اقبال خاں، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ مبشر الرحمن اور دیگر متعلقہ حکام شریک تھے۔











