لاہور، 22 اکتوبر (اے پی پی): صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے کوشاں ہیں۔ اسی سلسلے میں وہ چین کے صوبے حونان پہنچ گئے، جہاں انہوں نے سرمایہ کاری سے متعلق متعدد اہم ملاقاتیں کیں۔ محکمہ صنعت و تجارت پنجاب اور چین کی معروف زرعی آلات ساز کمپنی “حونان نانگ یو مشینری گروپ” کے درمیان تعاون کا معاہدہ طے پا گیا۔
معاہدے کے تحت چینی کمپنی پنجاب میں زرعی آلات کی اسیمبلنگ اور مینوفیکچرنگ کا پلانٹ لگائے گی۔ پنجاب حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ کمپنی کو صوبے میں سرمایہ کاری کے لیے تمام ضروری سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ معاہدے پر دستخط صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین اور کمپنی کے چیئرمین لیو روکیاؤ نے کیے۔ تقریب میں پاکستان میں حونان چیمبر آف کامرس کے صدر حوذولنگ، چینی کمپنی کے حکام اور دیگر صنعت کار شریک تھے۔ چیئرمین کمپنی نے بتایا کہ ان کی کمپنی کلٹیویشن، ڈرائنگ، ہارویسٹنگ، رائس ملنگ، ٹریکٹرز اور دیگر زرعی مشینری تیار کرتی ہے،اور نائجیریا اور انڈونیشیا میں بھی اسی طرز کے پلانٹس کامیابی سے کام کر رہے ہیں۔ چیئرمین کمپنی لیو روکیاؤ نے کہا کہ کمپنی پنجاب کے ساتھ زرعی مشینری کے بزنس میں شراکت داری کی خواہاں ہے اوربعد از فروخت خدمات (After Sales Services) کی فراہمی بھی یقینی بنائے گی۔ چوہدری شافع حسین نے چینی سرمایہ کاروں کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقع، سازگار ماحول اور حکومتی مراعات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے زرعی شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع امکانات موجود ہیں،اور چینی کمپنی کی شمولیت سے مقامی لوگوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ صوبائی وزیر نے چینی کمپنی کی پنجاب میں سرمایہ کاری کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے، اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب اب سرمایہ کاری کی پہلی ترجیح بن چکا ہے۔ چوہدری شافع حسین نے اپنے دورے کے دوران لاؤڈی سٹی کے ڈپٹی میئر اور چینی حکومت کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سرمایہ کاری کے مواقع اور سرمایہ کاروں کے لیے دستیاب مراعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔صوبائی وزیر نے لاؤڈی سٹی کے میئر اور ڈپٹی میئر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔











