لاہور، 22 اکتوبر (اے پی پی): وزیر ہاؤسنگ پنجاب بلال یاسین کی زیر صدارت پنجاب ہاؤسنگ اینڈ ٹاؤن پلاننگ ایجنسی (پھاٹا) کی گورننگ باڈی کا 104 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں 21 نکاتی ایجنڈہ پیش کیا گیا اور پھاٹا کے بجٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ پنجاب کے فلیگ شپ پروگرامز “اپنی چھت، اپنا گھر” اور “اپنی زمین، اپنا گھر” پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر ورلڈ بینک کے اشتراک سے جاری افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ کے حوالے سے پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے افورڈایبل ہاؤسنگ پراجیکٹ پر عملدرآمد تیز کرنے اور قوانین میں ضروری ترامیم کی سفارشات پیش کرنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ افورڈایبل پرائیویٹ ہاؤسنگ اسکیموں کے قواعد و ضوابط میں بہتری سے عوام کو سستی رہائشی سہولتوں کی فراہمی ممکن ہو گی۔ اجلاس میں پھاٹا کی غیر آباد زمینوں پر آبادکاری کے لیے پی سی ون بھی پیش کیا گیا، جس پر وزیر ہاؤسنگ نے فزیبیلٹی رپورٹ اور عملی سفارشات جلد پیش کرنے کی ہدایت کی۔ وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کی کامیابی پر پھاٹا ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ” اپنی زمین، اپنا گھر اسکیم کی زمینوں پر جاری ترقیاتی کاموں کو مزید تیز کیا جائے۔“ بلال یاسین نے کہا کہ عوامی فلاحی منصوبے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی اولین ترجیح ہیں، اور محکمہ ہاؤسنگ عوام کو باعزت رہائش کی فراہمی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لا رہا ہے۔











