لاہور،23 اکتوبر (اے پی پی):صوبائی وزیر قانون پنجاب رانا محمد اقبال خان کی زیر صدارت ڈسٹرکٹ کوآرڈی نیشن کمیٹی قصور کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں امن و امان، صحت، تعلیم اور ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت پر تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں “سڑکیں بحال، پنجاب خوشحال پروگرام” کے تحت ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے تمام محکموں کو ہدایت دی کہ ترقیاتی اسکیموں کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے اور محکموں کے درمیان باہمی رابطہ مضبوط بنایا جائے۔ رانا محمد اقبال خان نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبہ بھر کے عوام کا تحفظ یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ “کسی بھی مذہبی جماعت سے منسلک کرکے کسی بے گناہ کو گرفتار نہ کیا جائے” اور ڈی پی او کو اس حوالے سے سخت ہدایات جاری کیں۔ وزیر قانون نے ایکسئین ہائی وے کو ہدایت دی کہ کوٹ رادھا کشن روڈ کا پیچ ورک 15 روز میں مکمل کیا جائے، جبکہ سڑکوں کی تعمیر کے منصوبوں میں منتخب نمائندگان کی مشاورت کو لازمی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ “بجلی چوروں کو معاف نہیں کیا جائے گا، تاہم عام آدمی کی بجلی فراہمی متاثر نہیں ہونی چاہیے۔” وزیر قانون نے ضلعی انتظامیہ کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کیا اور سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں پر انتظامیہ کو سراہا۔











