لاہور، 23 اکتوبر (اے پی پی): وزیر خزانہ پنجاب مجتبی شجاع الرحمان نےپنجاب ریونیو اتھارٹی کے ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں چیئرمین معظم اقبال سپرا نے اتھارٹی کی کارکردگی اور محصولات کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ صوبے کے ذاتی وسائل میں اضافہ موجودہ حکومت کی اولین ترجیح ہے، اور محصولات بڑھانے کے لیے شفاف پالیسیوں اور جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 130 نئے انفورسمنٹ آفیسرز کی تعیناتی پنجاب پبلک سروس کمیشن کے ذریعے کی جا رہی ہے، جس سے فیلڈ آپریشنز میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں محصولات میں 28 فیصد اضافے کو قابلِ تحسین قرار دیا، اور کہا کہ ٹیکس چوری ملک کے ساتھ غداری کے مترادف ہے۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی کہ ٹیکس چوری کرنے والے بزنسز پر خصوصی نگرانی رکھی جائے اور مانیٹرنگ کے نظام کو مزید موثر بنایا جائے۔ مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کا اعتماد ایک پائیدار معیشت کی بنیاد ہے، لہٰذا ادارے عوام دوست رویہ اپنائیں اور نظام میں بدعنوانی کے خاتمے کو یقینی بنائیں۔ چیئرمین پی آر اے معظم اقبال سپرا نے بتایا کہ اتھارٹی کے دفاتر کا دائرہ کار 16 سے بڑھا کر 30 اضلاع تک پھیلایا جا رہا ہے، جبکہ ڈیجیٹل مانیٹرنگ ڈیش بورڈ اور ایپلی کیشنز پر بھی تیزی سے کام جاری ہے تاکہ محصولات کی وصولی کو جدید خطوط پر استوار کیا جا سکے۔











