لاہورـ 5 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر محکمہ ہاؤسنگ پنجاب میں اصلاحات اور جدید طرز پر تنظیم نو کا عمل تیز کردیا گیا ہے۔ اس حوالے سے صوبائی وزیر ہاؤسنگ بلال یاسین کی زیر صدارت ایک اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری ہاؤسنگ، ڈی جی پی ایچ اے، ڈی جی پنجاب ہاؤسنگ، ڈی جی صاف پانی اتھارٹی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں پبلک ہاؤسنگ اتھارٹیز (PHAs) کے قیام سے شہروں کی خوبصورتی اور شہری سہولیات میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے ہدایت دی کہ ایم ڈی پی ایچ اے کی خالی آسامیوں پر تعیناتیاں جلد از جلد مکمل کی جائیں، جبکہ ڈپٹی کمشنرز کو فوری طور پر چارج دینے کے لیے سفارشات تیار کی جائیں۔بلال یاسین نے کہا کہ واسا پنجاب کے دائرہ کار کی طرز پر اصلاحاتی عمل کی نگرانی کے لیے کمیٹیاں تشکیل دی جائیں گی تاکہ شفافیت اور کارکردگی کے اعلیٰ معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے صاف پانی اتھارٹی کو ہدایت دی کہ صوبہ بھر میں بند واٹر پلانٹس کی بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اٹھائے جائیں۔ واٹر پلانٹس کو مکمل فعال بنایا جائے اور ان کے آپریشنل اوقات کار واضح طور پر مقرر کیے جائیں تاکہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔وزیر ہاؤسنگ نے کہا کہ بہترین کارکردگی اور شفافیت کو یقینی بنانے کے لیے ملٹی چیک سسٹم متعارف کرایا جا رہا ہے، جو کارکردگی کی مانیٹرنگ میں مددگار ثابت ہوگا۔انہوں نے “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے اہداف کے حصول اور آئندہ کے لائحہ عمل کے لیے افسران کو جامع سفارشات جمع کروانے کی ہدایت کی۔بلال یاسین نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر وہ خود لاہور سمیت صوبے کے تمام اضلاع میں دفاتر اور آپریشنل مقامات کے دورے کریں گے تاکہ ترقیاتی منصوبوں، واٹر پلانٹس اور فلاحی پروگراموں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جا سکے۔انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق پنجاب کو صاف، سرسبز اور جدید شہری سہولیات سے آراستہ صوبہ بنایا جائے گا۔











