ملتان ،20اکتوبر(اے پی پی ): عالمی یومِ شماریات کے موقع پر ضلعی انتظامیہ ملتان کی جانب سے آگاہی ریلی نکالی گئی۔ ریلی کی قیادت ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کی۔ریلی ایم ڈی اے چوک سے شروع ہو کر چوک کچہری تک نکالی گئی۔
اس موقع پر ضلعی افسران، طلبا اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر شماریات کی اہمیت اور درست اعداد و شمار کے پیغامات درج تھے۔
ڈپٹی کمشنر وسیم حامد سندھو نے کہا کہ درست اعداد و شمار ہی ملکی ترقی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ شماریاتی نظام کو بہتر اور فعال بنانے سے نہ صرف پالیسی سازی میں شفافیت آتی ہے بلکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبے بھی مؤثر انداز میں تشکیل پاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اعداد و شمار کسی بھی ملک کے معاشی و سماجی ڈھانچے کو سمجھنے اور بہتر فیصلے کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔











