اسلام آباد، 16 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت ڈاکٹر مصطفی کمال نے قاہرہ میں عالمی ادارہ صحت کے 72ویں مشرقی بحیرہ روم علاقائی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یونیورسل ہیلتھ کوریج کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے اور صحت کے نظام کو مضبوط بنانے کیلئے مؤثر اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت بنیادی اور کمیونٹی سطح پر ضروری اقدامات کا پیکج تیار کیا گیا ہے، جس کی بدولت پاکستان کے یونیورسل ہیلتھ کوریج انڈیکس میں مسلسل بہتری آئی ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ پاکستان نے صحت کے شعبے میں تیاری اور فوری ردعمل کی صلاحیت کو بہتر بنایا ہے، جس میں ملکی سرمایہ کاری اور بین الاقوامی شراکت داروں کے تعاون نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
مصطفی کمال نے بتایا کہ پولیو وائرس کے خاتمے کے لیے پاکستان نے پختہ عزم کر رکھا ہے اور چار کروڑ پچاس لاکھ بچوں کو ویکسین لگانے کی بھرپور مہمات جاری ہیں۔ انہوں نے مؤثر نگرانی کے نظام اور سرحد پار مربوط کوششوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل پولیو ایریڈیکیشن انیشی ایٹو کے شراکت داروں کا کردار قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور قطر کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حکومت پاکستان 2026 تا 2035 کی نیشنل ہیلتھ اینڈ پاپولیشن پالیسی کو حتمی شکل دے رہی ہے۔ وزیر صحت کے مطابق ویکسین کی مقامی پیداوار میں خودکفالت کے لیے اقدامات جاری ہیں، جبکہ ٹیلی میڈیسن سمیت ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا انضمام اور “ایک مریض، ایک شناخت” جیسے اقدامات کے ذریعے مؤثر ڈیٹا مینجمنٹ اور یونیورسل میڈیکل ریکارڈ کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔
ڈاکٹر مصطفی کمال نے عالمی ادارہ صحت پر زور دیا کہ وہ تکنیکی معاونت اور ہم آہنگی کے فروغ میں اپنا قیادی کردار جاری رکھے۔











