پاکستان اور  اٹلی کے درمیان ماربل و گرینائٹ سیکٹر میں تعاون سے متعلق  اعلیٰ سطحی اجلاس

23

اسلام آباد، 16 اکتوبر )اے پی پی ): وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان کی زیرِ صدارت اٹلی کے ساتھ ماربل و گرینائٹ سیکٹر میں تعاون سے متعلق ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں پاکستان اور اٹلی کے درمیان مجوزہ معاہدے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور اٹلی کے مابین تعاون سے ماربل انڈسٹری میں نئی جہت پیدا ہوگی اور برآمدات کے فروغ کے ساتھ بین الاقوامی معیار کی بہتری میں مدد ملے گی۔

انہوں نے بتایا کہ رسالپور میں ماربل سٹی کے قیام کے لیے زمین مختص کی جا چکی ہے، جو اس شعبے میں سرمایہ کاری کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ہارون اختر خان نے کہا کہ وزارتِ صنعت اٹلی کے ساتھ مشترکہ منصوبوں کے فروغ کے لیے پُرعزم ہے، اور وزیراعظم شہباز شریف کے وژن کے مطابق پاکستان ماربل سیکٹر میں عالمی معیار متعارف کرانے کے لیے کوشاں ہے۔

معاونِ خصوصی نے مزید کہا کہ جائنٹ اکنامک کمیٹی کے اجلاس میں اس منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر اٹھایا جائے گا۔ انہوں نے متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ جامع پیش رفت کے لیے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت بھی دی۔