اسلام آباد ، 09 اکتوبر (اے پی پی): قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔
وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے ایوان زیریں میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ساتھ کوئی نرمی برداشت نہیں کی جائے گی، یہی پیغام افغانستان کے لئے ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو صاف ستھرا ہونا چاہیے جس میں کوئی گرے ایریا نہ ہو۔ پاکستان سے دہشت گردی کے خاتمے کے مشن میں سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھ کر مسلح افواج کے ساتھ بغیر کسی دلیل کے متحد ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔
افغانستان سے شروع ہونے والے دہشت گرد حملوں کے معاملے پر بات کرتے ہوئے وزیر دفاع نے افغان حکام پر زور دیا کہ وہ پاکستان کو نشانہ بنانے والی دہشت گردانہ سرگرمیوں کے لیے اپنی سرزمین کے استعمال کو روکیں۔انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ ایک پاکستانی وفد آنے والے دنوں میں کابل کا دورہ کرے گا تاکہ یہ باور کرایا جا سکے کہ ایسی صورتحال مزید برداشت نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے مزید کہا کہ لاکھوں افغان مہاجرین کئی دہائیوں سے پاکستان میں مقیم ہیں، اس کے باوجود ان کی وفاداری کہیں اور ہے۔اگرچہ ایک چھوٹا سا حصہ اقوام متحدہ سے امداد حاصل کرتا ہے، لیکن اکثریت پاکستان کے اندر کاروبار میں مصروف ہے۔
انہوں نے کہا کہ بہت سے افغان مہاجرین ملک میں ارب پتی بن چکے ہیں، اس کے باوجود کچھ کھلے عام پاکستان دشمنی کا اظہار کرتے ہیں۔











