وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف کا پوزیشن ہولڈر طلباء کے اعزاز میں تقریب منعقد

22

ملتان،01 اکتوبر(اے پی پی ): وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی سرپرستی میں پوزیشن ہولڈر طلبہ و طالبات کے اعزاز میں لاہور میں تاریخی تقریب کا انعقاد ۔ ملتان بورڈ کے میٹرک اور انٹرمیڈیٹ 2025 کے نمایاں پوزیشن ہولڈرز اپنے والدین اور پسندیدہ اساتذہ کے ہمراہ لاہور روانہ ہوگئے۔

سیکرٹری تعلیمی بورڈ خرم قریشی کے مطابق انٹرمیڈیٹ کے 36 اور میٹرک کے 17 پوزیشن ہولڈرز کو انعامات دیے جائیں گے۔ پہلی پوزیشن کے حامل طلبہ کو 5 لاکھ روپے، دوسری پوزیشن کو 3 لاکھ جبکہ تیسری پوزیشن حاصل کرنے والوں کو 2 لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ پوزیشن ہولڈرز کی جانب سے نامزد کردہ پسندیدہ اساتذہ کو بھی ایک، ایک لاکھ روپے انعام دیا جائے گا۔

مجموعی طور پر 2 کروڑ 2 لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کیے جائیں گے، مرکزی تقریب کل یونیورسٹی آف ہوم اکنامکس گلبرگ لاہور میں منعقد ہوگی جس میں وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود شرکت کرتے ہوئے طلبہ و طالبات کی حوصلہ افزائی کریں گی اور انعامات تقسیم کریں گی۔

لاہور روانگی کے موقع پر طلبہ و طالبات کے جوش و خروش کے دیدنی مناظر دیکھنے میں آئے۔ پوزیشن ہولڈرز کو شاندار گارڈ آف آنر بھی دیا گیا۔ طلبہ نے وزیر اعلیٰ کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کو اپنے لیے باعث اعزاز اور افتخار قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسی تقریبات ہمارے حوصلے مزید بلند کرتی ہیں۔

سیکرٹری بورڈ خرم قریشی کی قیادت میں طلبہ کا قافلہ پولیس اسکواڈ اور پروٹوکول کے ساتھ لاہور روانہ ہوا۔