اسلام آباد، 01 اکتوبر(اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے متحدہ عرب امارات کے صدر محمد بن زاید آل نہیان سے ابوظہبی میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات صدارتی محل قصر البحر میں ہوئی، جس میں وزیر مملکت نے وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے صدر یو اے ای اور عوام کے لیے نیک تمناؤں اور خیر سگالی کا پیغام پہنچایا۔
وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے یو اے ای کے صدر کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی۔ اس موقع پر صدر محمد بن زاید آل نہیان نے وزیراعظم شہباز شریف اور پاکستانی عوام کے لیے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے نیک تمناؤں کا پیغام دیا۔
دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی ابوظہبی میں جاری عالمی ریل ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر نمائش اور کانفرنس میں بھی شرکت کر رہے ہیں۔ یہ نمائش اتحاد ریل کے زیر اہتمام ابوظہبی نمائش مرکز میں منعقد کی جا رہی ہے۔











