اسلام آباد، 14 اکتوبر )اے پی پی ):اسلام آباد میں پاکستان۔ویتنام بزنس فورم کا انعقاد ہوا جس کی مشترکہ صدارت وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان اور ویتنام کے وزیرِ صنعت و تجارت نگوین ہونگ ڈین نے کی۔ فورم میں دونوں ممالک کے اعلیٰ سرکاری حکام، سفارتکاروں اور کاروباری برادری کے نمائندوں نے شرکت کی۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے اپنے خطاب میں ویتنامی وزیر اور وفد کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان دیرینہ تعلقات کو عملی اقتصادی شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے فورم ایک اہم موقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہو رہا ہے مگر اس میں مزید وسعت کی گنجائش موجود ہے۔
انہوں نے ٹیکسٹائل، لیدر، فارما، زراعت، فوڈ پروسیسنگ، فشریز، تعمیراتی مواد اور آئی ٹی کے شعبوں کو باہمی تعاون کے لیے نمایاں قرار دیا اور نجی شعبے کو طویل المدتی شراکت داری قائم کرنے کی ترغیب دی۔
ویتنام کے وزیرِ صنعت و تجارت نگوین ہونگ ڈین نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) دونوں ممالک کے لیے باہمی مفید تعاون کا نیا باب ثابت ہوگا۔ انہوں نے زور دیا کہ مذاکرات شفاف اور متوازن انداز میں آگے بڑھائے جائیں تاکہ دونوں معیشتوں کو مساوی فائدہ پہنچے۔
فورم کے اختتام پر دونوں وزراء نے ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) کے مذاکرات کے باضابطہ آغاز سے متعلق مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ مذاکرات 2025 کے اختتام تک مکمل کیے جائیں گے تاکہ تجارتی تعاون کو مزید وسعت دی جا سکے۔











