پاکستان ، ویتنام کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کے وسیع امکانات موجود ہیں، ویتنام کے وزیر صنعت و تجارت کا خطاب

18

اسلام آباد، 14 اکتوبر )اے پی پی):اسلام آباد میں آج پاکستان ویتنام بزنس فورم منعقد ہوا، جس میں ویتنام کے وزیر صنعت و تجارت نگوین ہونگ ڈین نے بھی خطاب کیا۔ فورم میں پاکستان اور ویتنام کے متعدد کاروباری نمائندے اور دونوں ممالک کی متعلقہ وزارتوں کے حکام شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں نگوین ہونگ ڈین نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان تجارتی تعلقات میں بہتری کے وسیع امکانات موجود ہیں، اور ترجیحی تجارتی معاہدہ (پی ٹی اے) دونوں ممالک کے لیے پائیدار اور باہمی مفید ترقی کے نئے مواقع فراہم کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ ویتنام پاکستان کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کا خواہاں ہے۔ نگوین ہونگ ڈین نے پاکستان کے بدھ مت ورثے، خصوصاً گندھارا اور ٹیکسلا تہذیبوں کو روحانی سفر کے لیے اہم قرار دیتے ہوئے مذہبی و ثقافتی سیاحت کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ بزنس فورم دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعلقات کو ایک نئے دور میں داخل کرے گا اور نجی شعبے کو قریبی اشتراک سے نئے مواقع تلاش کرنے میں مدد دے گا۔