پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے (پی ٹی اے) پر باقاعدہ دستخط

16

اسلام آباد، 14 اکتوبر )اے پی پی):پاکستان اور ویتنام کے درمیان ترجیحی تجارتی معاہدے کے مذاکرات کے آغاز پر باقاعدہ معاہدے پر دستخط کر دیے گئے۔ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان اور ویتنام کے وزیر صنعت و تجارت نگوین ہونگ ڈین نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کیے، جس کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کے ایک نئے دور کا آغاز ہوا۔دستخط کی یہ تقریب اسلام آباد میں منعقدہ پاکستان ویتنام بزنس فورم کے دوران ہوئی، جس میں دونوں ممالک کے وزرائے تجارت، اعلیٰ حکام اور کاروباری نمائندوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔

ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) مذاکرات کا مقصد تجارتی رکاوٹوں کا خاتمہ، منڈیوں تک بہتر رسائی اور دوطرفہ تجارت کے فروغ کو یقینی بنانا ہے۔ دونوں وزراء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معاہدہ 2025 کے اختتام تک مکمل کر لیا جائے گا۔

وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ ترجیحی تجارتی معاہدے (PTA) سے پاکستان اور ویتنام کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا کرے گا اور خطے میں اقتصادی تعاون کو فروغ دے گا۔

ویتنامی وزیر نگوین ہونگ ڈین نے کہا کہ ترجیحی تجارتی معاہدہ (PTA) پائیدار اور باہمی فائدے پر مبنی ترقی کی بنیاد فراہم کرے گا اور دونوں ممالک کے درمیان طویل المدتی شراکت داری کو مضبوط بنائے گا۔

تقریب میں وزیر مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی، وزیر بحری امور جنید انور چوہدری، اور وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق و صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین بھی شریک تھے۔

نواب زادہ میر زارین خان مگسی، رکن صوبائی اسمبلی بلوچستان اور ثقافت و سیاحت کے پارلیمانی سیکرٹری سمیت دیگر معزز مہمانوں نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب خوشگوار اور تعمیری ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔