وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کا سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب

15

اسلام آباد، 8 اکتوبر)اے پی پی):وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان نے سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات باہمی احترام، اعتماد اور دیرینہ دوستی پر مبنی ہیں، جو اب معاشی و تجارتی تعاون کے ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سعودی۔پاک جوائنٹ بزنس کونسل دونوں ممالک کے نجی شعبوں کے مابین ایک مؤثر پلیٹ فارم کے طور پر کام کر رہی ہے جو کاروباری برادریوں کو قریب لا کر نئے مواقع تلاش کرنے اور دوطرفہ تعاون کو عملی شکل دینے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو نہ صرف ایک برادر ملک بلکہ اپنے اقتصادی ترقی کے ایک اہم شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ توانائی، معدنیات، تعمیرات، زراعت، آئی ٹی اور خدمات کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جن سے دونوں ممالک باہمی فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی اصل طاقت اس کے عوام ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں اپنی محنت، صلاحیت اور عزم سے ملک کو دوبارہ کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کی یہی لچک اور ہمت آج بھی ترقی و خوشحالی کی ضمانت ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قائم ہونے والا یہ معاشی اشتراک عمل مستقبل میں ایک جدید، پائیدار اور نتیجہ خیز اقتصادی شراکت داری میں تبدیل ہوگا جو سعودی وژن 2030 اور پاکستان کے ترقیاتی اہداف کے مطابق ہے۔

وفاقی وزیرِ تجارت نے سعودی وفد کی پاکستان آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس ملاقات سے مشترکہ منصوبوں اور سرمایہ کاری کے نئے راستے کھلیں گے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے یہ روابط خطے میں اقتصادی استحکام اور ترقی کو فروغ دیں گے۔

انہوں نے سعودی وفد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان دونوں ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گا۔