وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی  کا گوجرانوالہ میں نادرا سنٹر کا اچانک دورہ، شہریوں کے مسائل فوری حل کرنے کے احکامات

19

گوجرانوالہ ،28اکتوبر  (اے پی پی):وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے گوجرانوالہ میں نادرا سنٹر کا اچانک دورہ کیا،   انہوں نے شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات بنوانے کے عمل کا تفصیلی جائزہ لیا۔وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے سنٹر میں موجود شہریوں سے ملاقات کی اور ان کے مسائل سنے۔ شہریوں نے نادرا سنٹر کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زیادہ انتظار نہیں کرنا پڑتا اور عملہ تعاون کرتا ہے۔دورے کے دوران بعض کاونٹرز پر رش پر وزیرِ داخلہ نے عملے کو ہدایت کی کہ شہریوں کے کام کو تیز رفتاری سے نمٹایا جائے تاکہ کسی کو تاخیر یا دشواری کا سامنا نہ ہو۔

محسن نقوی مختلف کاونٹرز پر گئے، عملے سے ملاقات کی اور انہیں محنت، ذمہ داری اور خوش اسلوبی سے فرائض انجام دینے کی تلقین کی۔ انہوں نے موقع پر ہی انچارج نادرا سنٹر کو شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے احکامات جاری کیے۔

وفاقی وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ “خوشی ہے کہ شہری نادرا سنٹر کی کارکردگی سے مطمئن ہیں، رش کے باوجود عملے کا کام میں مصروف رہنا قابلِ ستائش ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کا کام کم سے کم وقت میں اور سہولت کے ساتھ مکمل ہونا چاہیے، جبکہ شناختی کارڈز اور دیگر دستاویزات میں کسی قسم کی تاخیر یا مشکل برداشت نہیں کی جائے گی۔

محسن نقوی نے زور دیا کہ “نادرا سنٹر آنے والا ہر شہری وی آئی پی ہے، اس کا کام اسی دن کیا جائے اور مقررہ مدت میں دستاویزات فراہم کی جائیں۔شہریوں نے وزیرِ داخلہ کی جانب سے موقع پر احکامات جاری کرنے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ نادرا سنٹر میں مجموعی طور پر خدمات کا معیار اطمینان بخش ہے۔