اسلام آباد، 28 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر بحری امور محمد جنید انوار چوھدری سے سری لنکن وزیر بمل نیروشن رتنا نائیک نے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک نے سمندری معیشت اور ساحلی ترقی کے فروغ پر اتفاق کیا۔
ملاقات میں میرین اور ساحلی سیاحت میں تعاون بڑھانے کے امکانات پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔ جنید انوار چوھدری نے میرین ٹورازم کے مشترکہ منصوبوں کی تجویز پیش کی اور کہا کہ سمندری معیشت دنیا بھر میں ساڑھے چھ ملین سے زائد روزگار فراہم کر رہی ہے، جبکہ عالمی سطح پر اس شعبے کی شرحِ نمو سالانہ ساڑھے تین فیصد تک پہنچنے کی توقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان گوادر اور کراچی میں میرین ٹورازم کے فروغ کے لیے پرعزم ہے تاکہ ملکی معیشت میں نئی توانائی پیدا کی جا سکے۔سری لنکن وزیر بمل نیروشن رتنا نائیک نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعاون دونوں ممالک کے سیاحتی روابط کو مضبوط بنائے گا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سمندری شعبے میں شراکت داری علاقائی ترقی کے لیے سنگِ میل ثابت ہوگی۔
جنید انوار چوھدری نے کہا کہ پائیدار ساحلی ترقی روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی اور اس شعبے میں علاقائی تعاون سے مشترکہ خوشحالی کے اہداف حاصل کیے جا سکتے ہیں۔











