اسلام آباد،16 اکتوبر(اے پی پی): وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت، اورنگزیب خان کھیچی نے جمعرات کو نیشنل لائبریری آف پاکستان میں ” یوکرینین بُکس شیلف“ کا افتتاح کیا۔ انہوں نے اس موقع پر کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان اور یوکرین کے درمیان پائیدار دوستی اور ثقافتی تعاون کی علامت ہے۔
تقریب میں یوکرین کے سفیر مارکیان چوچک، سفارتی برادری کے اراکین، اعلیٰ سرکاری حکام، محققین اور دانشوروں نے شرکت کی۔
وزیر ثقافت نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ اقدام دونوں ممالک کے درمیان علم، ثقافت اور دوستی کے باہمی عقیدے کی عکاسی کرتا ہے۔ رواں سال پاکستان اور یوکرین کے مابین سفارتی تعلقات کے قیام کی 30ویں سالگرہ ہے، اور دونوں ممالک نے تعلیم، ثقافت، تجارت اور انسانی ہمدردی کے شعبوں میں باہمی احترام اور نیک نیتی پر مبنی تعلقات کو فروغ دیا ہے۔











