اسلام آباد ، 28اکتوبر (اے پی پی ): وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان اپنے نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل دنیا سے جوڑ کر ترقی کی نئی راہیں کھول رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ فائبر، 5G اور کمرشل سیٹلائٹ کے امتزاج سے ہر شہری تک ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ کی رسائی یقینی بنائی جائے گی، جب کہ ڈیجیٹل معیشت میں نوجوانوں کے لیے روزگار کے وسیع مواقع پیدا ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے منگل کو یہاں منعقدہ ہائی اسپیڈ انٹرنیٹ اور کمرشل سیٹلائٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ خلائی ٹیکنالوجی پاکستان کی ترقی کا بنیادی سہارا بنتی جا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ای-پاکستان جدید معیشت اور موثر گورننس کی بنیاد ہے، جبکہ سیٹلائٹ انٹرنیٹ دور دراز علاقوں تک تیز رفتار رابطے کی سہولت پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
احسن اقبال نے کہا کہ ہر اسکول اور صحت کے مرکز کو براڈبینڈ سے منسلک کرنا حکومت کی ترجیح ہے تاکہ نوجوان عالمی مواقع تک باآسانی رسائی حاصل کرسکیں۔











