اسلام آباد، 15 اکتوبر ( اے پی پی): چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی سے بوسنیا و ہرزیگووینا کے سفیر ایمین کوہودریویچ نے ملاقات کی۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات،پارلیمانی تعاون،اقتصادی شراکت داری،تعلیمی و ثقافتی روابط سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان اوربوسنیا و ہرزیگووینا کے تعلقات تاریخی، دوستانہ،باہمی احترام، یکجہتی اور مشترکہ اقتدار پر مبنی ہیں۔پاکستان بوسنیا و ہرزیگووینا کی آزادی تسلیم کرنے والے اولین ملکوں میں شامل ہے۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بوسنیا و ہرزیگووینا کی عوام کی جرات و استقلال کو خراج تحسین خودمختاری و علاقائی سا لمیت کی حمایت کا اعادہ کیا اور کہا کہ پاکستان ہمیشہ عالمی قوانین، انسانی حقوق اور امن کے اصولوں پر کاربند رہا ہے ۔ 2005ء کے زلزلے اور 2010ء کے سیلاب کے دوران بوسنیا و ہرزیگووینا کی امداد پر شکریہ ادا کرتے ہیں، پاکستان اور بوسنیا و ہرزیگووینا کے تعلقات خوشگوار، پراعتماد اور مثبت رجحان کے حامل ہیں۔دونوں ممالک کے مابین اعلیٰ سطحی روابط نے دوطرفہ تعلقات کو نئی جہت دی۔پارلیمانی فرینڈشپ گروپس دوستی اور اشتراک عمل کے فروغ میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے پارلیمانی وفود کو دورہ پاکستان کی دعوت دی، اس ملاقات میں اقتصادی و تجارتی تعلقات کے فروغ کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
دونوں ممالک کے مابین تجارت، سرمایہ کاری،ٹیکسٹائل،سیاحت،زراعت اور فوڈ پراسیسنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
سید یوسف رضا گیلانی نے مزید کہا کہ پاکستان کا اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل غیرملکی سرمایہ کاروں کو سہولیات فراہم کر رہا ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے بوسنیا و ہرزیگووینا کے پارلیمانی وفد کو آگاہ کیا کہ انہیں بین الپارلیمانی اسپیکرز کانفرنس کا بانی چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔











