چیئرمین پی سی بی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن کی ملاقات

18

‎اسلام آباد ،19 اکتوبر( اے پی پی):  پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی سے صدر پاکستان ٹینس فیڈریشن اعصام الحق قریشی نے ملاقات کی ہے، جس میں ملکی کھیلوں کے فروغ اور درپیش مسائل پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔

‎اعصام الحق قریشی نے ایشیا کپ کے معاملے پر محسن نقوی کے اصولی مؤقف کی تعریف کی اور ان کی اسپورٹس کے لیے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے اسلام آباد میں ٹینس کورٹس کے مسائل کے فوری حل پر بھی محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔

‎چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان میں ٹینس کے فروغ کے لیے ٹینس فیڈریشن کو مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں نئے ٹینس کورٹس پر کام کا آغاز ہو چکا ہے۔

‎محسن نقوی نے کہا کہ  پی سی بی ٹینس فیڈریشن کی مکمل معاونت کرے گا تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کو بہتر مواقع میسر آئیں۔انہوں نے مزید کہا کہ چاہے کرکٹ ہو، ٹینس یا کوئی اور کھیل، یہ سب قوموں کے دلوں کو جوڑتے ہیں۔