ملتان، 29اکتوبر (اے پی پی ): ڈائریکٹر جنرل پنجاب ایگریکلچرل مارکیٹنگ ریگولیٹری اتھارٹی (پامرا) طارق علی بسرا نے ملتان کی سبزی و غلہ منڈیوں کا تفصیلی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ایس او پیز، انفراسٹرکچر اور صفائی ستھرائی کے امور کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈی جی پامرا نے الیکٹرانک ریٹ بورڈز کی نمائش اور نیلامی کی نگرانی کے نظام کا معائنہ کیا اور کہا کہ زرعی پیداوار کی منڈیوں کی مجموعی حالت میں نمایاں بہتری ریکارڈ کی گئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ الیکٹرانک بورڈز پر تھوک نرخوں کی نمائش بحال کر دی گئی ہے تاکہ شفافیت اور مارکیٹ نظم و ضبط کو یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی جی پامرا نے مارکیٹ کمیٹیوں کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر ایس او پیز پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔
طارق علی بسرا نے صفائی، شفاف نیلامی اور ڈیجیٹل مارکیٹ مینجمنٹ پر خصوصی توجہ دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منڈیوں کو شفاف، مؤثر اور کسان دوست مراکز میں بدلنا ہمارا ہدف ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام کو سستی اشیائے خوردونوش کی فراہمی کے لیے اصلاحات حکومت پنجاب کے وژن کے مطابق جاری ہیں، جبکہ ترقیاتی کاموں کی رفتار مزید تیز کرنے پر بھی زور دیا گیا۔











