ملتان 31، اکتوبر )اے پی پی ):وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر سیلاب متاثرہ خاندانوں کی امداد کے لئے کیش گرانٹس کی تقسیم کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ ضلع ملتان میں متاثرہ شہریوں کی بحالی اور ریلیف کی فراہمی کے لئے انتظامیہ سرگرم عمل ہے اور امدادی رقوم کی ادائیگی مزید تیز کردی گئی ہے۔
ضلعی انتظامیہ کی جانب سے سپورٹس گراؤنڈ ملتان میں قائم بحالی کیمپ مکمل طور پر فعال ہے جہاں روزانہ کی بنیاد پر ہزاروں متاثرہ خاندانوں کو کیش امداد فراہم کی جا رہی ہے۔ متاثرین کی سہولت کے لئے بزرگوں اور خواتین کے لیے خصوصی کاؤنٹرز قائم کئے گئے ہیں جبکہ عملہ شفاف اور تیز رفتار طریقہ کار کے تحت رقوم کی تقسیم یقینی بنا رہا ہے۔
ڈپٹی کمشنر ملتان وسیم حامد سندھو نے سپورٹس گراؤنڈ بحالی کیمپ کا دورہ کیا، انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران سے بریفنگ لی۔ انہوں نے مستحق خاندانوں کو بلا تاخیر امداد کی فراہمی اور بہترین انتظامات پر عملے کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب سیلاب متاثرین کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح سمجھتی ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے مزید کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام وسائل بروئے کار لا کر متاثرہ خاندانوں کی مدد جاری رکھے گی اور کسی بھی اہل شخص کو امداد سے محروم نہیں رہنے دیا جائے گا۔











