کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون سازی و نجکاری کا اجلاس، متعدد اہم سفارشات کی منظوری

23

لاہور، 24 اکتوبر (اے پی پی):  وزیر خزانہ و صوبائی وزیر برائے پارلیمانی امور پنجاب مجتبی شجاع الرحمان کی زیر صدارت کابینہ کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے امورِ قانون سازی و نجکاری کا 26 واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں مختلف محکموں کی جانب سے پیش کی گئی 9 سے زائد سفارشات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک کے نظام میں بہتری کے لیے اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی غور کیا گیا۔   وزیر خزانہ پنجاب نے ہدایت کی کہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے۔

 اجلاس میں زرعی شعبے کی جدید خطوط پر استواری کے لیے مصر کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (MoU) کی منظوری دی گئی۔ مزید برآں، انتہاپسندی پر قابو پانے کے لیے پنجاب سینٹر آف ایکسیلینس بورڈ آف گورنرز کی نامزدگی بھی منظور کی گئی۔ پیدائش، شادی، طلاق اور موت کی آن لائن رجسٹریشن کے لیے موبائل ایپلیکیشن میں اضافے کی بھی اجازت دی گئی، تاکہ شہریوں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ وزیر خزانہ پنجاب نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر جرمانے خلاف ورزی کی نوعیت کے مطابق ہوں گے، جبکہ سپیڈنگ پر قابو پانے کے لیے پبلک وہیکلز اور ٹرانسپورٹ سسٹم کو کسی قسم کی رعایت نہیں دی جائے گی۔

 انہوں نے واضح کیا کہ کم عمر (انڈر ایج) ڈرائیورز کے خلاف کارروائی میں سزا بچوں کو نہیں بلکہ انہیں گاڑی فراہم کرنے والے سرپرستوں کو دی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کو مؤثر بنانے کے لیے پنجاب سیف سٹی اتھارٹی کی تکنیکی خدمات سے استفادہ کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ و پارلیمانی امور مجتبی شجاع الرحمان نے کہا کہ حکومت پنجاب قانون کی بالادستی اور عوامی تحفظ کے لیے عملی اقدامات اٹھا رہی ہے، تاکہ صوبے میں نظم و ضبط اور سلامتی کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔