پاکستان پولینڈ کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے، صدر مملکت کی پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سے ملاقات میں گفتگو

10

اسلام آباد،24اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پولینڈ کے ساتھ سیاسی و معاشی تعلقات مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔ یہ بات صدر مملکت آصف علی زرداری نے پولینڈ کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ  رادوساؤ سیکورسکی سے ملاقات کے دوران کی  جنہوں نے صدر آصف علی زرداری سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر مملکت نے پولینڈ کے ساتھ دیرینہ تعلقات کو باہمی احترام اور تعاون پر مبنی قرار دیا اور دونوں ممالک کے درمیان سیاسی، معاشی اور ثقافتی روابط کو مزید فروغ دینے کی خواہش کا اظہار کیا۔ پولینڈ کے سفیر میچی پسارسکی اور وزارت داخلہ و انتظامیہ کے انڈر سیکرٹری میچی دشچک بھی ملاقات کے لیے آئے وفد میں شامل تھے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔ صدر آصف علی زرداری نے پولش کمپنیوں کو خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ صدر مملکت نے خطے میں امن، استحکام اور معاشی رابطوں کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا۔ دونوں جانب سے تعلیم، دفاع اور عوامی تبادلے کے فروغ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر آصف علی زرداری نے یورپی یونین جی ایس پی پلس پر پاکستان کی حمایت پر پولینڈ کا شکریہ ادا کیا۔ پاکستان اور پولینڈ کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر سینیٹر شیری رحمٰن، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور سیکرٹری خارجہ بھی موجود تھے ۔