۔27 اکتوبر، یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر میں سیمینار کا انعقاد

18

اسلام آباد،   27 اکتوبر ( اے پی پی ): پاکستان انسٹیٹیوٹ فار پارلیمنٹری سروس  میں یوم سیاہ کشمیر کے موقع پر فرینڈز آف کشمیر اور پارلیمانی کشمیر کمیٹی کے زیر اہتمام مشترکہ طور پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔

سیمینار میں پارلیمنٹرینز ، سینٹرز ، سفارت کار اور آزاد جموں و کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سیاسی قیادت نے شرکت کی۔

رہنما پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے اس موقع پر اپنے خطاب میں کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کا سلسلہ جاری ہے، بھارتی قابض افواج سخت قوانین کی آڑ میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہی ہیں، بھارت کشمیریوں کی نسل کشی میں ملوث ہے، ہم مقبوضہ وادی میں بنیادی حقوق و آزادی کا مطالبہ کرنے والے عوام کی آواز کو دبانے کی مذمت کرتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ تمام تر ہتھکنڈوں اور مظالم کے باوجود بھارت کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا نہیں سکا، بھارت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریت کو اقلیت میں بدلنے کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو رکوائے۔

رانا قاسم نون چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی نے کہا کہ 27 اکتوبر کا دن مقبوضہ کشمیر کی تاریخ کا ایک تاریک دن ہے، مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے، مودی کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہو چکا ہے۔

سیمینار سے کشمیری قیادت، حریت قائدین اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور کشمیر میں بھارتی ظلم اور بربریت کی مذمت کی۔