لاہور، 1 نومبر (اے پی پی): گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے انجمن تاجران پنجاب کے عہدیداران نے شاہد رسول پراچہ کی قیادت میں گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی۔ وفد میں صوبے کے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے تاجر نمائندگان کی بڑی تعداد شریک تھی۔ تاجروں نے گورنر پنجاب کو پیرا فورس کے اہلکاروں کے رویے، پرائس کنٹرول، پراپرٹی ٹیکس اور دیگر انتظامی مسائل سے آگاہ کیا۔ وفد نے مؤقف اختیار کیا کہ پیرا فورس کے اہلکاروں کا تاجروں کے ساتھ رویہ ہتک آمیز ہے، جبکہ تاجر برادری قانون کی پاسداری پر یقین رکھتی ہے اور ان کی عزتِ نفس مجروح نہ کی جائے۔ اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ تاجر برادری ملک اور صوبے کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ کاروباری طبقہ کئی گھروں کے چولہے جلانے کا سبب بنتا ہے، اس لیے ان کے ساتھ عزت و احترام کے ساتھ پیش آنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجروں کی فلاحی خدمات لائقِ تحسین ہیں، جنہوں نے ہمیشہ آئین اور قانون کی پاسداری کی۔ گورنر پنجاب نے تاجروں کے مسائل کو غور سے سنا اور یقین دہانی کرائی کہ ان کی تجاویز اور سفارشات وزیرِاعلیٰ آفس کو بھجوائی جائیں گی تاکہ ان کے حل کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔ تاجر وفد نے کہا کہ سیلاب، زلزلہ یا کسی بھی قومی مشکل وقت میں تاجر برادری ہمیشہ ملک و قوم کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی اپنی ذمہ داریاں قومی جذبے کے ساتھ نبھاتی رہے گی۔ ملاقات میں انجمن تاجران پنجاب کے سیکرٹری جنرل عبدالروف مغل سمیت مختلف اضلاع کے تاجر نمائندگان بھی موجود تھے۔











