پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے، وزیراعظم شہباز شریف

11

اسلام آباد،11نومبر  (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ  پاکستان نے ثابت کردیا کہ وہ اپنی خودمختاری اورعلاقائی سالمیت کے تحفظ کےلئے ہر قیمت ادا کرنے کو تیار ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو یہاں بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیر اعظم نے  کہا کہ   اس کانفرنس کا موضوع ’’امن، سلامتی اور ترقی‘‘  نہایت بروقت اور انتہائی اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1947 میں آزادی کے بعد سے پاکستان ہمیشہ سے ہی مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے امن کا حامی رہا ہے۔ ہم پختہ یقین رکھتے ہیں کہ امن اور سلامتی ہی دیرپا قومی و علاقائی ترقی کی بنیاد ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ ہم پُرامن ہمسائیگی پر یقین رکھتے ہیں اور اس مقصد کے لیے مسلسل کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  ہم نے ان عناصر کو ناقابلِ فراموش سبق سکھایا جنہوں نے پاکستان پر حملہ کرنے کی جسارت کی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ  ہماری مستقل وابستگی امن اور سلامتی کے فروغ سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں تنازعات کی آگ غربت، عدم مساوات اور ناانصافی سے بھڑکتی ہے، محرومی عدم استحکام کو جنم دیتی ہے۔انہوں نے عدم استحکام اور تنازعات سے نمٹنے کیلئے ترقی  کے  اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہماری حکومت نے جامع اصلاحات کا آغاز کیا ہے جن کا مقصد  سب کی شمولیت سے ترقی کی راہ پر  گامزن ہونا ، ادارہ جاتی مضبوطی اور نوجوانوں و خواتین کو بااختیار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروبار معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں، اسی لیے ہم ایس ایم ای فنانسنگ بڑھا رہے ہیں تاکہ روزگار پیدا ہو، جدت آئے اور معاشی وسیع البنیاد شمولیت ممکن ہو۔ انہوں نے شرکا کو بتایا کہ حکومت خواتین کو ڈیجیٹل مہارتیں فراہم کرنے پر توجہ مرکوز کر رہی ہے، مالی وسائل تک ان کی رسائی آسان بنائی جا رہی ہے، اور قیادت کے مواقع دیئے جا رہے ہیں تاکہ وہ اپنی مکمل صلاحیت کے ساتھ پاکستان کی معاشی و سماجی تبدیلی میں حصہ ڈال سکی۔

وزیر اعظم نے کہا کہ بین الاقوامی محاذ پر پاکستان عالمی مالیاتی اداروں اور ترقیاتی شراکت داروں کے ساتھ مل کر مالیاتی اصلاحات، کلائمیٹ ریزیلئنس اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سرگرم ہے جو ایک مضبوط اور خوشحال مستقبل کے لیے ناگزیر ہیں۔ ہمارا ایمان ہے کہ کوئی قوم تنہا ترقی نہیں کر سکتی۔ ہماری تقدیریں ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہیں۔وزیر اعظم نے پارلیمان کو عوام کی خواہشات کا امین قرار دیتے ہوئے کہا کہ عوام کے منتخب نمائندے اس قومی اور عالمی سفر میں انتہائی اہم کردار کے حامل ہیں۔ ہم اپنے عوام کی مقدس امانت کے نگہبان ہیں اور اور ہمیں ان کی  امیدوں پر پورا اترنا ہے۔  اپنی پوری اہلیت اور نیک نیتی کے ساتھ اپنی قوم کی اجتماعی بہتری کے لیے کام کرنا ہوگا۔ انہوں نےاس بات پر  زور دیا کہ تمام اقوام کے عوام   امن کے فروغ، پائیدار ترقی کے حصول اور اجتماعی سلامتی کے استحکام کے لیے متحد ہوں تاکہ ہم دائمی امن اور مشترکہ خوشحال مستقبل کی تعمیر کرسکیں ۔