اسلام آباد، 27 نومبر (اے پی پی): اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے حسنِ قرأت کے بین الاقوامی مقابلے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ تقریب نہ صرف حسنِ قرأت کا ایک عظیم عالمی مقابلہ ہے بلکہ پوری مسلم اُمت کے اتحاد، ہم آہنگی اور قرآنی تعلیمات سے وابستگی کا بھی بھرپور مظہر ہے۔
انھوں نے کہا کہ حسنِ قرأت کے بین الاقوامی مقابلے کی بابرکت تقریب میں شرکت کرنا ان کے لیے باعثِ اعزاز اور دلی مسرت کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہم قرآنِ مجید کی تلاوت کی عظمت اور اس کے فیوض و برکات کو اجاگر کرنے کے لیے جمع ہوئے ہیں، جو خود ہمارے ایمان کی تازگی اور روحانی تربیت کا ذریعہ ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اس عالمی مقابلہ حسنِ قرأت میں 36 ممالک کے ممتاز قرا حضرات کی شرکت نہایت قابلِ تحسین ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ قرآنِ مجید ایک مکمل ضابطۂ حیات ہے جس نے بنی نوع انسان کو جہالت اور گمراہی کی تاریکیوں سے نکال کر رشد و ہدایت کی روشن راہ دکھائی۔ قرآنِ پاک کی تلاوت دلوں کو سکون اور روح کو راحت بخشتی ہے اور اس کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر دنیا و آخرت دونوں میں کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔











