اسلام آباد، 27نومبر(اے پی پی ): قومی اسمبلی نے جمعرات کو ایک قرارداد منظور کی جس میں بھارتی وزیر دفاع کے حالیہ ریمارکس کی شدید مذمت کی گئی جس میں کہا گیا تھا کہ سندھ ایک دن بھارت واپس آ سکتا ہے۔
اسد عالم نیازی کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد میں اس بات پر زور دیا گیا کہ اس طرح کے بیانات تاریخی طور پر غلط، سیاسی طور پر غیر ذمہ دارانہ اور پاک بھارت خطے کے تسلیم شدہ جغرافیائی سیاسی حقائق کے منافی ہیں۔
ایوان نے اس بات کی توثیق کی کہ سندھ پاکستان کی خود مختار ریاست کا اٹوٹ حصہ ہے۔ اس نے تمام افراد اور اداروں پر زور دیا کہ وہ گمراہ کن، متعصبانہ اور غیر مستحکم کرنے والے بیانات دینے سے گریز کریں۔
آج ایوان میں چار بل پیش کئے گئے۔ ان میں شامل ہیں: کراچی پورٹ ٹرسٹ ترمیمی بل، 2025، اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری سینئر سٹیزنز ترمیمی بل، 2025، نیشنل فنڈ برائے ثقافتی ورثہ ترمیمی بل 2025 اور نیشنل کالج آف آرٹس انسٹی ٹیوٹ ترمیمی بل، 2025۔
توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چوہدری نے کہا کہ حکومت نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ماحول کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کیے ہیں۔انہوں نے کہا کہ دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کے خلاف کارروائی کی گئی ہے اور دارالحکومت میں جدید ترین ٹرانسپورٹ سسٹم متعارف کرایا گیا ہے۔
ایوان نے آج تین بل منظور کئے۔ان میں شامل ہیں: کنگ حمد یونیورسٹی آف نرسنگ اینڈ ایسوسی ایٹڈ میڈیکل سائنسز بل، 2025، دانش سکولز اتھارٹی بل، 2025 اور قانون شہادت ترمیمی بل، 2025۔ یہ بل پہلے ہی سینیٹ سے منظور ہو چکے ہیں۔
ایوان کا اجلاس اب کل گیارہ بجے ہوگا۔











